اسلام آباد: اہلسنت والجماعت (اے ایس ڈبلیو جے) کی مرکزی قیادت کے خلاف سنگین دفعات کے تحت وفاقی دارلحکومت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ نمئاندہ ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے اہلسنت والجماعت کی مرکزی قیادت کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا ہے۔ واضح رہے کہ اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے اہلسنت والجماعت کے ایک رہنما مظہر صدیقی کی لاش کے ہمراہ سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کیا تھا۔ اس دوران مظاہرین نے پولیس کی ساتھ دھکم پیل بھی کی اور پولیس اہلکاروں سے ان کے ڈنڈے بھی چھین لیے۔ اہلسنت والجماعت کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں جماعت کے مرکزی رہنما مولانا احمد لدھیانوی سمیت دیگر قائدین کوبھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں کار سرکار میں مزاحمت، سڑک بند کرنے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی اور مذہبی منافرت پھیلانے کی سنگین دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ جبکہ پولیس کی جانب سے اب تک اہلسنت والجماعت کے چھ کارکنوں کو گرفتارکیا جا چکا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں