اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزراء نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے اپنے سچ سے اپوزیشن کے جھوٹ کو ناک آؤٹ کر دیا ٗ جواب نہ ہونے پر اپوزیشن راہ فرار اختیار کر گئی ٗاپوزیشن چار لوگوں کے ہتھے چڑھی ہوئی ہے ٗ عمران آف شور کمپنیوں کے بانی ہیں ٗمیڈیا انکشاف نہ کرتا تو نیازی سروسز لمیٹڈ کا کسی کو پتہ نہ چلتا۔ پیر کو وزیراعظم نواز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد اپوزیشن کے ردعمل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے بھی اپوزیشن کے ہر مطالبے کو تسلیم کیا تھا اور اب بھی ان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ایوان میں آ کر جواب دیا ہے اور ان کے سچ نے اپوزیشن کے جھوٹ کو ناک آؤٹ کر دیا ہے۔ اپوزیشن کے پاس وزیراعظم کی تقریر کا کوئی جواب نہیں تھا اس لئے انہوں نے راہ فرار اختیار کیا انہوں نے کہاکہ اپوزیشن آف شور کمپنیوں کے جواب دینے سے بھاگ رہے ہیں ،ان کے پاس فرار کا راستہ اختیار کرنے کے سواکچھ نہیں ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہاکہ حکومت نے فیصلہ کیا حکومت سے دو گنا زیادہ وقت ایوان میں اپوزیشن کو دیا جائے ٗاپوزیشن نے سات سوالات کیے ہم نے اس سے زیادہ جواب دیاہے ،اپوزیشن چار لوگوں کے ہتھے چڑھی ہوئی ہے وہ چار لوگ اعتزاز احسن ٗ شیخ رشید احمد ٗ پرویز رشید اور عمران خان ہیں اعتزاز احسن ذاتی سیاست کر رہے ہیں ،عمر ان خان بھی چار لوگوں کے ہتھے چڑھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے مشترکہ ٹی او آر ز بنانے کا بھی کہاہے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کبھی مطمئن نہیں ہوئی مگر ہم پھر بھی ان سے مشاورت کے لئے تیار ہوں گے۔ پانامہ لیکس پر تحریک انصاف اور اپوزیشن نواز شریف جو قوم کے منتخب وزیراعظم ہیں‘ پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ وہ شاید اپنی سیاسی ساکھ بڑھانے کیلئے یہ حربہ استعمال کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو یہ مشورہ دیں گے کہ وہ وزیراعظم پر الزامات لگانا چھوڑ دیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز سمیت دیگر حوالوں سے احتساب سے متعلق پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ متفق ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا آج جب وزیراعظم اپوزیشن کے مطالبے پر ایوان میں آئے تو اپوزیشن ارکان واک آؤٹ کر گئے ٗحکومت اس بات پر تیار تھی کہ اپوزیشن کو اپنا موقف بیان کرنے کا پورا وقت دیا جائیگا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ وزیر دفاع نے کہاکہ 1983میں عمران خان نے آف شور کمپنی بنائی اور اس وقت لوگوں کو اس کے سپیلنگ بھی نہیں آتے تھے ،آف شور کمپنیاں بنانے میں عمران خان کا سب سے زیادہ تجر بہ ہے ٗمیڈیا انکشاف نہ کرتا تو نیازی سروسز لمیٹڈ کا کسی کو پتہ نہ چلتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان خیرات کے پیسوں سے بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہیں ٗکہانی اب یونہی ختم نہیں ہوگی بلکہ دور تک جائیگی۔ وزیر دفاع نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف اگر اپنے تمام اثاثے ظاہر کرسکتے ہیں تو یہ بھی پیش کر سکتے ہیں ۔خواجہ آصف کا کہناتھا کہ عمران خان نے فلیٹ بیچا تھا یا بکنگھم کا پیلس ،ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا ۔