ایبٹ آباد(آئی این پی)قومی کر کٹ ٹیم کے دورے انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ جاری ہے،ایبٹ آ باد بوٹ کیمپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس کاپول کھل گیا30 میں سے29 کرکٹر لیول 4فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوگئے، ٹرینر کا کہنا ہے تمام کھلاڑیوں کو وزن کم کرنے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں جاری بوٹ کیمپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے30 کھلاڑیوں کوشامل کیاگیا ہے، پہلے 2دن ، دوڑ ، پش اپس اور سپرنٹ لگوائی گئیں جس میں کھلاڑی توقعات پر پورا نہیں اترسکے، ٹیسٹ ٹیم کپتان مصباح الحق اور یونس خان بھی ٹرینرزکومتاثرنہ کرسکے۔کیمپ میں شامل30 میں سے29 کھلاڑی فٹنس کے لیول 4 ٹیسٹ پاس نہ کرسکے ایک کلومیٹر کا فاصلہ 6 منٹ میں طے کرنے میں صرف 3 کھلاڑی کامیاب ہوپائے ۔ٹرینرزکی جانب سے کھلاڑیوں کے زائد وزن کو فوری مسئلہ قراردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق فوادعالم پش اپس میں کامیاب رہے تاہم دوڑ ٹیسٹ میں ناکام رہے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کے بوٹ کیمپ میں 35کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا تھا مگر محمدحفیظ،حارث سہیل،یاسرشاہ ،ذوالفقار بابر اورعمادوسیم فٹنس کیمپ میں شامل ہونے سے قبل ہی ان فٹ ہوچکے،جس کے بعد صرف 30کھلاڑی بوٹ کیمپ میں شامل ہیں۔