اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے پاک بھارت میچ کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری۔ تفصیلات کے مطابق پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔الیکٹرک سپلائی کمپنیوں نے وزیراعظم کی جانب سے پاک بھارت میچ کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔ایڈیلیڈ کے میدان میں پاک بھارت ٹاکرے کا آغاز ہوتے ہی ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بجلی غائب ہوئی تو شائقین میچ دیکھنے سے محروم ہو گئے۔لاہور کے م±تعدد علاقوں میں بھی بجلی کی بندش سے عوام روایتی حریفوں کے درمیان میچ کا لطف نہ اٹھا سکے۔ فورٹ منرو میں بجلی غائب ہوئی تو شائقین نے احتجاج کرتے ہوئے لورالائی روڈ بلاک کردیا۔اٹک ، قائدآباد اور میانوالی میں بھی میچ کے دوران بجلی غائب ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ سندھ میں سکھر ، شکار پور اور سانگھڑ کے بیشتر علاقوں کے شائقین بھی بجلی غائب ہونے کے باعث میچ دیکھنے سے محروم ہیں۔بنوں میں بھی کرکٹ کے شائقین بجلی غائب ہونے کا رونا رو رہے ہیں۔ بلوچستان میں چاغی ، دالبندین اور چمن کے علاقوں میں بھی میچ شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی۔