بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بروقت علاج کی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث پاکستانی جیلوں میں قید3بھارتی ماہی گیرہلاک ہو گئے ہیں، پاکستانی جیلوں میں بھارتی قیدیوں سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے، کئی قیدی صحت کی سہولیات کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں۔ بھارتی خبر ایجنسی ، ٹی وی چینلز اور اخبارات کی رپورٹس میں پاکستان کی جیلوں میں سہولیات کے حوالے سے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی جیلوں میں غیر ملکی قیدیوں کو صحت کی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں اور اس حوالے سے امتیاز برتا جا تا ہے، جیلوں میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی جیلوں سے رہائی پا کر واپس آنے والے بھارتی قیدی ہمیشہ شکایات کرتے نظر آتے ہیں، اس کا واضع ثبوت یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں 3 بھارتی ماہی گیری جیل میں ہی چل بسے، جس کی بنیادی وجہ صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی تھی، بھارتی سرکاری خبر ایجنسی پی ٹی آئی نے بھارتی گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک سابق شہری اروند سی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی جیل کے حکام قیدیوں کی صحت سے متعلق مسائل پر توجہ دیتے تو ان قیدیوں کی جان بچائی جا سکتی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک کا نام بابو اور دوسرے کا دیوو ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ حالیہ دنوں میں بھی کئی بھارتی قیدی صحت کی انتہائی خراب صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں، پاکستانی جیلوں میں بھارتی ماہی گیروں سے ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔