کرا چی(این این آئی) کراچی کی مقامی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ ملزم صدام حسین کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے 14روزہ ریمانڈ پرجیل بھیج دیاہے۔بدھ کوکراچی کی جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں را کے مبینہ ایجنٹ صدام حسین کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم ملکی سالمیت کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہے، جبکہ ملزم نے کراچی کے حساس مقامات کی تصویریں بنا کر بھارتی خفیہ ایجنسی را کو بھجوائیں ہیں۔تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کی جے آئی ٹی کیلئے عدالت سے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 14 دن کیلئے جیل بھیج دیا۔