لاہور(آن لائن) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تجویز دی ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹرز کا کیمپ راولپنڈی کی بجائے انگلینڈ میں ہی لگایا جائے ، چیئرمین پی سی بی کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔کیمپ لگانے کا مقصد کنڈیشنز سے آشنا ہونا ہے۔انگلینڈ کی کنڈیشن مکمل طور پر سمجھنے کے لیے انگلینڈ میں ہی کیمپ لگانا ہوگا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دو روزہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد قومی کرکٹرز کا کیمپ اب 14 مئی سے ایبٹ آباد میں فوجیوں کی زیر نگرانی لگے گا جس کے بعد تربیتی کیمپ راولپنڈی میں شیڈول تھا۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تجویز دی ہے کہ کیمپ راولپنڈی کی بجائے انگلینڈ میں ہی لگایا جائے۔ شیڈول کے مطابق قومی ٹیم نے انگلینڈ انتیس جون کو جانا ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے یہ تجویز منظور کر لی تو ٹیم جون کے دوسرے ہفتے ہی انگلینڈ روانہ ہو جائے گی جہاں ہیمپشائر کاؤنٹی میں کیمپ سولہ جون سے لگایا جائے گا جو دو ہفتے جاری رہ سکتا ہے۔ کیمپ کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی شہریار خان دیں گے۔