لاہور(این این آئی )پنجاب اسمبلی کے رکن سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ چھوٹوزرداری اپنے قد سے بڑی باتیں کر رہے ہیں، کئی دہائیوں سے سندھ پر حکومت کرنے والوں نے راجہ داہر بن کر لوٹا ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے بلاول بھٹو کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹا زرداری اس وقت کیا کر رہا تھا جب پورا ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ پی پی حکومت رینٹل پاور‘ حج سکینڈل سمیت درجنوں رنگ برنگی داستانیں چھوڑ گئی۔ بے نظیر کی جماعت کو زروالے لے اڑے۔ سچے جیالے پی پی حکومت کی کرپشن دیکھ کر دلبرداشتہ ہو گئے۔ عام انتخابات میں عوام نے کرپٹ حکومت کو بری طرح مسترد کر کے دیوار سے لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شہریوں نے گٹر کے ڈھکن لگا کر عوامی حکومت کی گڈگورننس کو بے نقاب کر دیا۔ چھوٹو زرداری بتائیں پیپلزپارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں کیا کارنامے سرانجام دیئے؟ انہوں نے کہا کہ عوام ابھی ڈالروں سے بھری لانچوں کے قصے نہیں بھولے۔ سیدزعیم حسین قادری نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی صاحبزادے کا نام آنے پر برا کیوں مان گئے؟ صاحبزادے نے جو کچھ کیا ساری دنیا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا مہمان نوازی شریف فیملی کی دیرینہ روایت ہے۔ پرویزالٰہی کو بھی انڈے کوفتے مل جائیں گے۔