لاہور/اسلام آباد( این این آئی)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ افغانستان میں بازیاب ہونے والے انکے بھائی علی حیدر گیلانی آج بدھ کو پاکستان پہنچ جائینگے ،علی حیدر گیلانی خیریت سے ہیں او ران کی والدہ سمیت دیگر اہل خانہ سے بات ہوئی ہے ،یوسف رضا گیلانی اور عبد القادر گیلانی علی حیدر کے ساتھ ہی لاہور پہنچیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو میں علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ حیدر گیلانی گھر والوں سے بات کر کے بہت خوش تھا اورپوچھ رہا تھاکہ کون لینے آرہا ہے ۔علی حید ر گیلانی بالکل خیریت سے ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کلیئرنس نہ ملنے کیوجہ سے حیدر گیلانی کومنگل کے روز پاکستان نہیں لایا جا سکا لیکن وہ آج بدھ کو پاکستان پہنچ جائیں گے ۔ یوسف رضا گیلانی اور عبد القادر گیلانی علی حیدر کے ساتھ لاہور پہنچیں گے۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلابی کے بازیاب ہونے والے صاحبزادے علی حیدر گیلانی سے ملاقات کیلئے آج بدھ کو لاہور آمد متوقع ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ تین سال بعد افغانستان سے بازیاب ہونے والے علی حیدر گیلانی کو آج خصوصی طیارے کے ذریعے افغانستان سے لاہور لایا جائیگا ۔ پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کی گیلانی خاندان کو مبارکباد دینے اور علی حیدر گیلانی سے ملاقات کیلئے آج لاہور آمد کا امکان ہے ۔ یاد رہے کہ مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی بازیابی کے بعد بھی بلاول بھٹو ان سے ملاقات کے لئے لاہور آئے تھے ۔