لاہور/ملتان( این این آئی)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوبی صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی تین سال بعد بحفاظت بازیابی کی خبر پر اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،رشتہ دار ،دوست احباب اور پارٹی کارکن مبارکباد دینے گیلانی خاندان کی لاہور اور ملتان میں واقع رہائشگاہوں پر پہنچ گئے ، اندرون اور بیرون ممالک مقیم دوستوں،خاندان کے افراد اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ٹیلیفون پر رابطے کرکے بھی مبارکباد دی ۔تفصیلات کے مطابق میڈیا میں علی حیدر گیلانی کی بحفاظت بازیابی کی خبر آتے ہی اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایکدوسرے کو گلے لگ کر مبارکباد دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر گیلانی کے خاندان کے افراد کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔یوسف رضا گیلانی کے عزیز و اقارب، دوست احباب اور کارکن مٹھائیاں لے کر مبارکباد دینے ملتان اور لاہور میں واقع رہائشگاہوں پر پہنچ گئے ۔ اس موقع پر پارٹی کے کارکن ڈھول کی تھا پ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گیلانی خاندان کی رہائشگاہوں پر سکیورٹی کے انتظامات کو پہلے سے مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، منظور وٹو سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،انکے صاحبزادے موسیٰ گیلانی کو ٹیلیفون کر کے علی حیدر گیلانی کی بحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے الگ پیغامات میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بحفاظت بازیابی پر انکے خاندان کو مبارکباد دی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی اچھی خبر ہے ۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے بازیابی کیلئے کاوشیں کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا ۔