اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی وی ، پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزمان کی جانب سے پاور آف اٹارنی اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرا دی گئی ، عدالت نے پیش ہونے سے قاصر ملزمان کو حاضری سے معافی کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی ۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ ہاؤس حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے کی ۔ تیس ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، ملزمان کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ میں دھرنے کے دوران کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعہ لگائی گئی ، سیاسی کارکنوں کو دہشتگرد بنانا ناانصافی ہے ، 132کارکنان ضمانت پر ہیں ، دو مقدمات میں ملزمان کی جانب سے پاور آف اٹارنی جمع کرا دی گئی ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کو جلد نمٹانے کے لیے ایک ہفتہ کی تاریخ دی جائے ۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ کم وقت کی تاریخ دینا چاہتا ہوں تاہم سب ملزمان پیش نہیں ہوتے ، جو ملزمان پیش نہیں ہو سکتے وہ حاضری سے معافی کی درخواست دائر کریں ۔ مقدمہ نمبر 182 اور 185 میں ملزمان کی غیر حاضری پر پراسیکیوٹر نے ضمانتیں خارج کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے ۔ مقدمے کی سماعت تیس مئی تک ملتوی ، آئندہ سماعت پر ملزمان کی بریت کی درخواست پر بحث کی جائے گی ۔