اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ٗ شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ٗ بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے اتوار تک جاری رہنے کاامکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد، راولپنڈی،مری ، راولاکوٹ، کوٹ ادو اور سکھر میں گرد آلود /تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش بھی ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے شام کو بارش کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ن پارکوں اور تفریح گاہوں کی جانب رخ کرلیا اور خوب لطف اندوز ہوئے ۔رواں ہفتہ کے دوران خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی ،گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن) کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (کوئٹہ،ژوب، قلات اور سبی ڈویژن) اور بالائی سندھ (سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن) میں چند ایک مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران تیز ہواؤں ٗآندھی اور بارش کے باعث میدانی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کمی کا امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، ڈی آئی خان ڈویژن)، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان(کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ڈویژن)، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن)، بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ اور حیدر آباد ڈویژن) میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے ٗتیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، راولپنڈی ڈویژن اور کشمیر میں ایک دو مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر 29، مری08، گڑھی دوپٹہ03،مظفرآباد، راولاکوٹ02 اور بالاکوٹ میں 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی میرپور خاص میں پڑی جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت47 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ رحیم یار خان، دادو، سبی، بہاولنگر46، تربت، نورپورتھل، بھکر ، بہاولپور اور شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔