اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاناما لیکس کے انکشافات کا دوسرا بم پھٹ گیا ہے ،اس میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کے 400خاندانوں کی آف شور کمپنیاں ہیں ، اس میں سیاستدانوں کے معاونین اور معروف شخصیات کے اہل خانہ کے علا وہ وہ تاجر بھی شامل ہیں جنہوں نے سوئس بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے کیلیے کمپنیاں رجسٹر کرائیں۔آف شور کمپنیوں سے تعلق کے شبہ میں آنے والی چند اعلیٰ شہرت کی حامل شخصیات کی شناخت حاصل کرنا ابھی باقی ہے چنانچہ ان کے نام مکمل تفتیش کے بعد ہی شائع ہوں گے۔یوں پاناما لیکس کا جو تیسرا بم پھٹے گااس میں مزید نام بے نقاب ہوں گے۔ یہ جامع ترین فہرست ہوگی جس میں پاناما لیکس کی ایک کروڑ پندرہ لاکھ دستاویزات کو چھاننے کی مشقت کی گئی تاکہ اس میں د بے ہوئے آخری پاکستانی کی بھی شناخت کو سامنے لایاجاسکے تاہم پھر بھی اعتماد کے ساتھ یہ دعویٰ نہیں کیاجاسکتاکی سب کا پتہ چلالیاگیا ہے جن کا اس میں تذکرہ تھا۔