حیدرآباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں حالات تیزی سے تبدیلی کی طرف جارہے ہیں، مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو متحد کرنا ان کا مشن ہے، وہ وقت دور نہیں جب مسلم لیگ کے تمام دھڑے متحد ہوں گے اور پاکستان کی خالق جماعت کو شخصی قبضے سے آزادی ملے گی۔سید غوث علی شاہ حیدرآباد پہنچے اور مسلم لیگ کے صوبائی رہنماء رشید خان ناغڑ سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔سید غوث علی شاہ نے کہا کہ سندھ اور پاکستان کے عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں حالات کا تقاضہ ہے کہ لوگوں کو اس ظلم سے نجات دلائی جائے، انہوں نے کہا کہ سندھ ڈیموکریٹک الائنس سندھ میں لوگوں کی مشکلات کے مدنظر بڑی تحریک چلانے کی تیاری کررہا ہے ہم سندھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، اس موقع پر روشن بلوچ ، خالد عزیز آرائیں ، حامد خانزادہ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔