کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز موومنٹ کو پولیس نے لیاری میں جلسہ کرنے سے روک دیا ۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے متنازعہ بیانات پر مشہور پیپلز موومنٹ کی رہنماء ڈاکٹرتنویر زمانی نے کہا کہ سندھ حکومت نے میرے جلسے کومنعقد ہونے سے روکا ہے اور ہمارے جلسے کو روکنے کے لیے آج لیاری میں ہر گھنٹے بعد پٹاخے پھوڑے گئے اور میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ اس سے قبل لیاری میں ڈیڑھ سال سے کوئی واقعہ رونما کیوں نہیں ہوا،انھوں نے کہا کہ آج ہم لیاری میںآ پریشن ضرب عضب کی کامیابی کا جشن منانا چاہتے تھے لیکن جن کو ضرب عضب کی ضرب لگی ،وہ پریشان ہیں اور ان قوتوں نے آج ہمیں روکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم دوبارہ لیاری میں جشن اور جلسہ کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کو احتساب ہوناچاہیے ۔آج میں لیاری والوں بھٹو واپس دلانے آئی تھی ،پیپلزپارٹی والے دودھ پیتے بچے ہیں ،انھوں نے کہا کہ پولیس نے ہمیں لیاری میں جلسہ کرنے سے روکااور سامان اٹھایا گیاجس کی مذمت کرتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ اپنی جماعت کو ملک بھر میں فعال کریں گے ۔