لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کا بس نہیں چل رہا وگرنہ وہ بنی گالہ کو ہی الگ ریاست قرار دے کر اسکے وزیر اعظم ہونے کا اعلان کر دیں ،اقتدار میں آنے کے لئے چور راستے تلاش کر نے والے ماضی کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے ۔ ایک انٹرویو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عام انتخابات میں عمران خان کو ووٹ دینے والے آج اپنا سر پکڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں ۔ آج بھی وقت ہے کہ عمران خان راہ راست پر آ جائیں اور منفی سر گرمیوں سے توبہ کر لیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جہاز سے نیچے اترتے نہیں اور بات غریب عوام کی کرتے ہیں ۔کیا ان کے جلسوں میں آنے والے غریب ہوتے ہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سر پر صرف وزیر عظم بننے کا بھُوت سوار ہے ، ان کا بس نہیں چلتا وگرنہ وہ بنی گالہ کو ہی الگ ریاست قرار دے کر اس کے وزیرا عظم ہونے کا اعلان کر دیں اور وہ بنی گالہ سے خطاب کر کے اس کی ایک ناکام کوشش بھی کر چکے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے ملک کی ڈوبتی کشتی کو بھنور سے باہر نکال کر منزل کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ کیوں عمران خان صرف اپنے مفادات کیلئے اسے واپس دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ عوام نے آج تک عمران خان کو صرف ضدی بچے اور انوکھے لاڈلے کے طو رپر ہی دیکھا ہے ۔