اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بہت سی سیاسی جماعتوں میں پھوٹ پڑنے والی ہے اور سینٹ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے بہت سے غلط فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں سیٹوں پر سلیکشن ہورہی ہے۔ کوالٹی کو نہیں وفاداری کو دیکھا جارہا ہے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا فائنل میچ 15 فروری کو ہوگا اور یہ ہمارا کرکٹ میچ نہیں بلکہ اس میں جذبات کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا بھارت سے جیتنابہت ضروری ہے اور پوری قوم کی نظریں 15 فروری کو ہونے والے پاک بھارت میچ پر لگی ہیں۔ بہت سی سیاسی جماعتوں میں پھوٹ پڑنے والی ہے اور سینٹ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے بہت سے غلط فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں سیٹوں پر سلیکشن ہورہی ہے۔ کوالٹی کو نہیں وفاداری کو دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سینٹ انتخابات میں اپنے ان کارکنوں کو نظرانداز کیا ہے جنہوں نے پارٹی اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ میں چوہدری نثار کی رائے سے اتفاق کرتا ہوں کہ تمام دینی مدارس میں دہشت گردی نہیں ہوتی اور اگر کوئی مدرسہ دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔