لاہور( این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کیلئے صادق نام بہت بھاری ہے ،ایک صادق نے انہیں پاکستان میں رُلا یا ہے اور ایک نے انہیں لندن میں ہرایا ہے ،پی ٹی آئی والے اب لندن والے صادق کے انتخاب کا فیصلہ بھی قبول نہیں کرینگے اور انکے خلاف انگلستان میں دھرنا دیں گے ،حکومت کہیں نہیں جارہی اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ،نواز شریف کی پالیسیاں ملک کو ترقی کی طرف لیکر جارہی ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں یہ ترقی برداشت نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجا لائن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے نو منتخب رانا محمد سلیم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ تقریب میں چوہدری گلزار گجر، حافظ میاں نعمان، چوہدری اختر رسول اور کرنل (ر) محمد مبشر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ الزامات کی سیاست کرنے والی کھوکھلی دیواروں کو پہلے بھی کئی مرتبہ دھکا دیا اب بھی ان کو ہمارے ہاتھوں بہت بڑا دھکا لگنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لندن میں میئر کے انتخابات میں ایک مسلمان کے مقابلے میں یہودی کی حمایت کی ۔ اب ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان کے تعلقات کن سے ہیں اور اس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش باقی نہیں رہتی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو باجا لائن میں بین الاقوامی معیار کا اسٹیڈیم اور جمنیزیم بنانے کے لئے خط ارسال کر دیا ہے اور انشا اللہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے فوری بعد اس پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔ایاز صادق نے رانا محمد سلیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے او راب یہ رکنے والا نہیں بلکہ اس میں مزید تیزی آئے گی ۔