کوئٹہ(این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے بلوچستان کے معطل ہونے والے سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کا ریمانڈ حاصل کر لیا۔اطلاعات کے مطابق نیب نے معطل ہونے والے سیکرٹری خزانہ کو کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ ون محمد حنیف کی عدالت میں پیش کیابلوچستان کے خزانے کے معطل سیکرٹری گریڈ 21 کے سرکاری افسر ہیں ٗگرفتاری کے بعد انہوں نے صحت کے مسائل کا تذکرہ بھی کیا جس پر جوڈیشل مجسٹرٹ کے سوال کے جواب میں انہوں نے اس کا اظہار بھی کیا ٗعدالت نے ملزم کو طبّی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیاسماعت کے دوران نیب کے پروسیکیوٹرز نے مشتاق رئیسانی پر الزامات اور کیس میں پیش رفت سے آگاہ کیا ٗ 14 روز کے ریمانڈ کی درخواست کی۔ذرائع نے بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے نیب کے کام کی تعریف بھی کی۔جوڈیشل مجسٹریٹ ون محمد حنیف نے نیب کی درخواست پر 14 روز کے ریمانڈ کی منظوری دی۔مشتاق رئیسانی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔اس سے پہلے معطل سیکرٹری خزانہ کو بکتر بند گاڑی میں ہتھکڑی لگا کر عدالت لایا گیا، عوام کی بڑی تعداد بھی ماضی کے افسر اور حال کے ملزم کو دیکھنے کیلئے عدالت میں موجود تھی۔واضح رہے کہ بلوچستان کے سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو نیب حکام نے گزشتہ روز بدعنوانی کے الزام میں سول سیکریٹریٹ کوئٹہ میں ان کے دفتر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔بعد ازاں ان کے گھر پر مارے گئے چھاپے کے دوران 73 کروڑ روپے کے نوٹ، 4 کروڑ روپے کا سونا، پرائز بانڈ، سیونگ سرٹیفیکیٹس، ڈالر اور پاؤنڈز کی گڈیاں اور مختلف جائیدادوں کے کاغذات برآمد ہوئے تھے۔