لاہور (ا ین این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی کا چار حلقے کھولنے کا مطالبہ درست تھا این اے110کے بارے میں نادرا کی چشم کشا رپورٹ سے حکومت کا آخری ستون گر چکا ہے جب بھی این اے122کے ضمنی الیکشن کے بارے میں تحقیقات ہوئیں یہاں بھی نتائج مختلف نہیں ہوں گے ۔عبدالعلیم خان نے دی نیشنل سکول برکی روڈ کیمپس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے سسٹم کی ناکامی اور نا اہلی ہے کہ مئی 2013میں ہونے والے انتخابات کے فیصلوں میں 3سال سے زیادہ کا وقت لگا اور عمران خان کے روز اول کے خدشات درست ثابت ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا اب اُن انتخابات کی کچھ ساکھ باقی بچی ہے جس کی بنیاد پر نواز لیگ نے گذشتہ 3برسوں سے اقتدار پر قبضہ کر ررکھا ہے عبدالعلیم خان نے تعلیمی شعبے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح ایجوکیشن سسٹم کی حالت خراب تر ہو چکی ہے اور پبلک سیکٹر کے مقابلے میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے کہیں آگے دکھائی دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گذشتہ 8برسوں میں 4دانش سکول بنا کر کونسا تیر مارا ہے ؟پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کو “فارسیل” لگا دیا گیا ہے اور نئی نسل کا تعلیمی مستقبل مکمل طور پر بے یقینی اور تباہی کا شکار دکھائی دیتا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا انہوں نے سالانہ نتائج میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباددیتے ہوئے اُن کے لیے کامیابی کی دعاء کی اس موقع پر مہمان خصوصی عبدالعلیم خان نے طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے ۔