کراچی(این این آئی)نجکاری کمیشن نے اسٹیل ملز سندھ حکومت کو فروخت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا، تاہم اس سلسلے میں حتمی منظوری کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں حاصل کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے سات ماہ قبل اسٹیل ملز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم ابھی تک اس معاملے پر سندھ حکومت نے کوئی واضح پیش رفت نہیں کی ہے۔ جس کے باعث نجکاری کمیشن نے اسٹیل ملز کی خریداری کیلئے سندھ حکومت کے رویے کو غیرسنجیدہ قرار دیتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری سے دیگر آپشنز پرغور کرنے کی اجازت مانگنے کا فیصلہ کیاہے۔ذرائع کے مطابق اجازت ملنے کی صورت میں اسٹیل ملز کی نجکاری کیلئے ترکی اور چین سمیت دیگر ممالک میں روڈ شوز کیئے جائیں گے اور وہاں کی کمپنیوں کو نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کیلئے قائل کیا جائے گا۔