اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف کو امریکی صدر باراک اوباما نے ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اور امریکی صدر باراک اوباما کے درمیان نصف گھنٹے تک گفتگو ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ امریکی صدر نے وزیراعظم کو اپنے دورہ بھارت سے متعلق بھی آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ قابل تحسین ہے جب کہ امریکا پاکستان کے افغانستان سے مثبت تعلقات کوسراہتا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان نیوکلیئرسپلائرگروپ کارکن بننےکاخواہش مندہے جب کہ بھارت کسی طور بھی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل نہیں ، بھارت کشمیر سےمتعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آیا ہے۔