لاہور((نیوزڈیسک))ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے نوجوان کرکٹرز کیلئے اکیڈمی بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اللہ نے جتنا ٹیلنٹ دیا اس حساب سے پرفارمنس نہیں دے پایا۔ ایک بیان میں شاید آفریدی نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھاکہ اتنا عرصہ پاکستان کے لیے کھیلوں گا ،ٹی ٹونٹی کیرئیرمیں بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے کا خواب پورا ہوا ۔انہوں نے کہا کہ جتنا اللہ نے ٹیلنٹ دیا اس حساب سے پرفارمنس نہیں دے پایا ۔آسٹریلیا کے خلاف 2004 میں کھیلی جانے والی اننگز یاد گار سمجھتا ہوں۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنا پھولوں کی سیج نہیں ۔ وہ چاہتے تھے کہ ایک اچھی ٹیم بنا کر کپتانی سے دستبردار ہوں لیکن کھلاڑی عوام اور انکی امید وں پر پورا نہیں اتر پائے ۔ سابق ٹی ٹونٹی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور انکی خواہش ہے کہ وہ نوجوانوں کے لیے کرکٹ اکیڈمی بنا سکیں۔