کراچی ((نیوزڈیسک))کراچی پولیس نے سال 2016کے پہلے پانچ ماہ میں قتل کی وارداتوں کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے ۔سال 2015کے اسی عرصے کے مقابلے شہر میں ان وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق سال 2015میں اسی عرصے کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں 62افراد نشانہ بنے جبکہ 2016میں یہ تعداد کم ہو کر 13رہ گئی ۔ذاتی دشمنی کی بناء پر 2015میں 144افراد کو قتل کیا گیا جبکہ 2016میں یہ تعداد گھٹ کر 56ہوگئی ۔ڈکیتی مزاحمت کے دوران اپنی جان سے جانے والوں کی تعداد 2015میں 22تھی تاہم 2016میں اس کی تعداد میں اضافہ ہوا جو بڑھ 26تک جاپہنچی ۔رواں سال بم دھماکوں میں 2ہلاکتیں ہوئیں جبکہ سال 2015میں 9افراد بم دھماکوں میں ہلاک ہوئے ۔ مختلف وجوہات کی بناء پر 2015میں 84افراد قتل ہوئے جبکہ 2016میں ان کی تعداد میں اضافہ ہوا اوراب تک 121افراد اپنی جان کی بازی ہارچکے ہیں ۔مجموعی طور پر گزشتہ سال یکم مئی تک 321افراد کو قتل کیا گیا جبکہ رواں سال کے اسی عرصے کے دوران 219افراد ہلاک ہوئے ۔