لاہور (نیوز ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے پاناما لیکس سے متعلق وضاحتی اشتہارات شائع کرانے پر وفاقی حکومت سے تفصیلات طلب کر لیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے حکومت کی جانب سے پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کا نام غلطی سے شامل ہونے سے متعلق قومی اخبارات میں وضاحتی اشتہارات شائع کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم ذاتی وضاحت کے لئے قومی خزانے کا استعمال نہیں کرسکتے لیکن اس کے باوجود پاناما لیکس میں لگے الزامات کی وضاحت کیلئے قومی اخبارات میں اشتہارات شائع کئے جا رہے ہیں۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ اشتہارات پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات طلب کر کے وزیراعظم نواز شریف سے واپس لی جائے اور قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔ عدالت نے حکومت سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے وکیل کو قانونی معاونت کے لئے طلب کر لیا۔