کراچی(نیوز ڈیسک ) اقرار الحسن کاسٹنگ آپریشن،آج صحافیوں کو ’’پتہ‘‘ چلے گا کہ سندھ اسمبلی میں داخل ہوتے ہوئے کیسے تلاشی لی جاتی ہے، سندھ اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد آج (پیر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہوگا۔ اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔ مرکزی دروازے پر بیریئر جبکہ گاڑی کو دور کھڑا کرنے کے لئے سیمنٹ کے بلاک رکھ دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دو روز کے وقفے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح 9 بجے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں نئی بلڈنگ میں ہوگا جبکہ سندھ اسمبلی میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مرکزی دروازے پر لوہے کا بیریئر لگادیا گیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی کے داخل ہوتے وقت اس میں سوار افراد سے اندر جانے کی وجہ کی تصدیق اور گاڑی کی مکمل تلاشی لینے تک لوہے کا بنایا جانے والا بیریئر بند رہے گا۔ سندھ اسمبلی میں دیوار سے فاصلے پر سیمنٹ کے بلاک بھی رکھ دیئے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی گاڑی دیوار کے ساتھ کھڑی نہ کی جاسکے۔