لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے کی ہوم سیکرٹری اور میٹرو پولیٹن پولیس کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف تحریری شکایت نے الطاف حسین کو شیریں مزاری اور دیگر خواتین سے معافی مانگنے پر مجبور کر دیا۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جارج گیلوے نے اپنی تحریری شکایت میں الطاف حسین کو سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کا مبینہ ملزم قرار دیتے ہوئے انہیں برطانیہ میں سیاسی پناہ فراہم کرنے والی سابق لیبر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق جارج گیلوے کی طرف سے کی گئی شکایت کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جارج گیلوے کی شکایت پر الطاف حسین کے خلاف برطا نوی حکومت ایک مرتبہ پھر سنجیدہ تحقیقات شروع کر سکتی ہے۔ اسی خدشہ کے پیش نظر الطاف حسین گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوئے۔