لاہور( نیوزڈیسک) پاکستانی امپائر علیم ڈار نے اپنے بچوں پر لگائے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچوں نے کوئی جعلسازی نہیں کی،میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علیم ڈار نے کہا کہ اپنے بیٹوں کی ایسی کوئی دستاویزات بنائی ہیں جو اس وقت میڈیا میں چل رہی ہیں، میرے بچوں کے پاس صرف پاکستانی پاسپورٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس بیرون ملک سکونت اختیار کرنے کے بہت سے مواقع تھے اور اب بھی بہت سے آفرز موجود ہیں لیکن میں اپنے ملک کو چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا اور نہ ہی میرے بچے باہر جائیں گے۔علیم ڈار نے کہا کہ میرے بچے اپنی والدہ کے ساتھ ایک عزیز کے پاس چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے فرینڈلی میچز کھیلیں ہیں کیونکہ جس کلب سے وہ کھیلے تھے اس کے وائس پریذیڈنٹ میرے بہت اچھے فیملی فرینڈ ہیں جس کے باعث انہوں نے میرے بچوں کو لیگ کے میچز بھی کھلائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں بتایا گیا تھا کیوں کہ یہ مسئلہ اتنا پیچیدہ نہیں تھا جتنا میڈیا نے بنا دیا ہے، کچھ لوگ میرے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے رابطہ کرنے پر کلب کے وائس پریذیڈنٹ نے اعتراف کیا کہ اس میں بچوں کی کوئی غلطی نہیں یہ صرف میری غلطی تھی کہ میرے اسرار پر انہوں نے میچز کھیلے جبکہ اپنی غلطی پر میں نے استعفیٰ دے دیا ہے اور میں اس کا لیٹر دینے کو بھی تیار ہوں۔واضح رہے گزشتہ روز کھیلوں کی ویب سائٹ (کرک انفو)نے دعوی کیا تھا کہ علیم ڈار کے بیٹے جعلی ناموں سے اسکاٹ لینڈ میں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔