اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے سیریز کے نتائج کو پوائنٹس کی بنیاد پر ترتیب دینے کی تجویز پر حامی بھری ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ای سی بی نے یہ تجویز اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ کو دی تھی، سری لنکن ٹیم رواں سال مئی اور جون میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔پاکستانی ٹیم جولائی سے ستمبر کے دوران انگلینڈ کے دورے میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ ای سی بی کی تجویز کے مطابق ہر ٹیسٹ میچ کے لیے چار پوائنٹس اور مختصر طرز کرکٹ کے ہر میچ کیلیے دو پوائنٹس ملیں گے۔واضح رہے ویمن ایشنر کے گزشتہ سال کے مقابلوں میں پوائنٹس کا نظام متعارف کیا گیا تھا جہاں آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے 10 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کامیابی کیلئے مجموعی طورپر 28 ممکنہ پوائنٹس ملیں گے تاہم جو ٹیم سیریز میں 4۔0 سے کلین سوئپ کریگی اس کو 16 پوائنٹس ملیں گے جو سیریز کی کامیابی کیلئے نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہمارے اس اصول کی تجوہز پر رضامندی موصول ہوئی ہے۔دوسری جانب انگلینڈ ٹیم کے نوجوان بلے باز جو روٹ کا کہنا ہے کہ اس نظام سے مقابلے کے رجحان کو مزید تقویت ملے گی اور ہوسکتا ہے اس طرح تینوں طرز مزید اہم ہوجائیں۔آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے کہاکہ میرے خیال یہ فضول ہے ٗ انھوں نے بہت ساری چیزیں تبدیل کی ہیں تاہم ایشنر لاگ سیریز ہے جو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان بڑا مقابلہ ہوتا ہے جبکہ میری سمجھ میں نہیں آرہاہے کہ اس کو کیوں تبدیل کیا جانا چاہیے۔