لاہور(نیوزڈیسک) لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور رش والے مقامات پر حملے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی قیادت کو انتباعی خط ارسال کر دیا ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز لاہور کیپٹن ر) لیاقت ملک کی طرف سے جلسے کے چیف آرگنائزر عبد العلیم خان کو سکیورٹی خدشات کے حوالے سے ارسال کئے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قومی سطح کے لیڈر ہیں ان کی جان کو بھی خطرہ ہے ۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سجنا گروپ ( کالعدم تحریک طالبان ) کے دہشت گردوں کی طرف سے لاہور کے مختلف پبلک مقامات ، پارکس ، دوسرے ایسے مقامات جن میں عوام کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں دہشت گردی ہونے کا خطرہ ہے ۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ سے ایک دفعہ پھر درخواست کی جاتی ہے کہ آپ دہشتگردی کی تھریٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا جلسہ منسوخ کر دیں ، اگر آپ اس کے باوجود جلسہ کرانا چاہتے ہیں تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار آپ ہوں گے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس اپنے محدود وسائل کے مطابق فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی ۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو جلسے سے متعلق سکیورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا ہے ۔پی ٹی آئی کی قیادت کو کسی اور مقام پر جلسہ کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مال روڈ پر جلسے کیلئے ہر ممکنہ سکیورٹی فراہم کر یگی لیکن ذمہ داری پی ٹی آئی کی اپنی ہو گی ۔