لاہور(آن لائن) پی سی بی کے طریقہ کار اور فیصلوں پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ، سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کو قومی ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنانے پر کرکٹ بورڈ کے اندر سے ہی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کے رکن ظفر محمود نے چیئر مین پی سی بی شہریار خان کو ایک چارج شیٹ پیش کی ، انہوں نے اس چارج شیٹ میں انضمام الحق کی بطورچیف سلیکٹر تقرری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سابق کپتان کو کس قانون کے تحت یہ ذمہ داری سونپی گئی ؟۔ہمیں بتایا جائے کہ پی سی بی میں بھرتیوں اور اخراجات کو خفیہ کیوں رکھا جارہا ہے ؟۔ ظفر محمود کاکہنا تھا کہ گورننگ بورڈ بہت اہم ہے لیکن اسے مذاق بنا دیا گیا ہے،گورننگ بور ڈ کے ارکین کی اہمیت محض چائے ، پانی اور کھانے تک ہی محدود کردی گئی ہے۔