لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور کے علاقہ گلبرگ میں تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے ڈی جے بٹ کے والد جاں بحق جبکہ موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقہ حسین چوک میں تحریک انصاف کے دھرنے سے شہرت حاصل کرنے والے ڈی جے بٹ کا والد نذیر بٹ سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار موٹرسائیکل نے انہیں ٹکر مار دی جس سے موٹرسائیکل سوار اور نذیر بٹ دونوں شدید زخمی ہو گئے دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے نذیر بٹ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ۔موٹرسائیکل سوار نوجوان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی جے بٹ اور ان کے دوست بھی ہسپتال پہنچ گئے ۔گلبرگ پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے تاحال ڈی جے بٹ کی طرف سے مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست موصول نہیں ہوئی درخواست موصول ہونے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔