لاہور (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کا اعلان تین مئی کو متوقع ہے،چیئرمین پی سی بی شہریار خان بورڈ آف گورنرز سے منظوری لیکر باقاعدہ اعلان کریں گے،نئے کوچ کی مشاورت سے ان کے نائب، بولنگ اور بیٹنگ کوچ کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد نئے ہیڈ کوچ کا اعلان تین مئی کو متوقع ہے۔ نئے ہیڈ کوچ کے لئے پچیس اپریل کی مقررہ تاریخ تک دوپاکستانی اور سات غیر ملکی کوچز کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ جن میں منظوراالٰہی ،محمداکرم اور ڈین جونز، ٹام موڈی، جیمی سڈنز، این پونٹ، پیٹر مورس اور اینڈی فلاور شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل کوچز ہنٹ کمیٹی اہل امیدواروں کی مختصر فہرست چیئرمین پی سی بی شہریار خان کوپیش کرے گی۔ شہریار خان گورننگ بورڈ سے نئے ہیڈ کوچ کی منظوری لیں گے جبکہ موزوں امیدوار نہ ملنے کی صورت میں شہریار خان درخواست نہ دینے والے محسن خان اور عاقب جاوید سے بھی بات کریں گے جبکہ وہ ممکنہ کوچ کی دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں۔