کراچی (نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی ایوان میں مسلح شخص کے داخل ہونے کا واقعہ افسوس ناک ہے ۔ وہ شخص سکیورٹی حصار توڑ کر وہاں پہنچا ہے ۔ اسپیکر جو کہیں گے ، اس شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ مقدس ایوان میں جو کچھ ہوا ، وہ افسوس ناک ہے ۔ اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہیں ۔ وہ جو کہیں گے ، اس کے مطابق کارروائی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق ہی کارروائی کی جائے گی ۔