لاہور(نیوزڈیسک) احمد شہزاد،عمراکمل پر ایک سال کی پابندی کی تلوارلٹک گئی،آخری موقع،ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر عاجزآئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگڑے کھلاڑیوں کو سدھارنے کیلئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ٹاسک سونپ دیا ۔میڈیا رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ بورڈ نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو سدھارنے کا ٹاسک نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو سونپ دیا ہے جو پاکستان کیمپ کے بعد نیشنل اکیڈمی میں دونوں کھلاڑیوں کو خصوصی لیکچر دیں گے ۔انضمام الحق ان کھلاڑیوں پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کرنے سے قبل احمد شہزاداورعمراکمل کو آخری موقع دینا چاہتے ہیں لیکن اگر اس کے باوجود معاملات میں سدھارنہ آیا تو دونوں کھلاڑیوں پر ڈومیسٹک مقابلو ں ایک سال تک شرکت نہ کرنے کی پابندی عائد کردی جائیگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی اب انضمام الحق کے ذریعے کھلاڑیوں پر کنٹرول چاہتاہے اور نئے چیف سلیکٹر نے بھی ڈسپلن پر عدم برداشت کی پالیسی اختیارکرلی ہے۔یونس خان بھی انہی کے کہنے پر بورڈسے معافی مانگنے پر مجبورہوئے تھے کیونکہ چیف سلیکٹرانہیں دورہ انگلینڈ کیلئے باہرکرنے کا خطرہ نہیں مول لینا چاہتے۔