اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کیلئے ہمارے اوپر کیچڑ اچھال رہی ہے ۔ ملک میں پاناما لیکس کا بحران چل رہا ہے۔ ن لیگ کو جہانگیر ترین یاد آ گیا ہے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں جھوٹ کی فیکٹری لگی ہوئی ہے۔ نواز شریف نے قوانین توڑے‘ وہ ایم این اے بھی نہیں بن سکتے۔ میں نے ایمانداری اور حلال کی کمائی سے لندن میں فلیٹ خریدا۔ 5 سال میں ایک ارب 88 کروڑ روپے ٹیکس دیا۔ میاں صاحب ذرا اپنا ٹیکس ریکارڈ پیش کریں۔ پی ٹی آئی ایک فیملی کی طرح ہے کبھی چھوڑ کے نہیں جاﺅں گا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کیلئے دوسروں پر کیچڑ اچھالا جا رہا ہے۔ ملک میں پاناما لیکس کا بحران آیا ہوا ہے اور ن لیگ جہانگیر ترین کے پیچھے لگی ہے۔ روز روز جھوٹ بولتے ہیں اور بے جا الزامات لگاتے ہیں۔ وزیراعظم ہاﺅس میں جھوٹ کی فیکٹری لگی ہوئی ہے۔ سنا ہے یہ فیکٹری ان کی صاحبزادی چلا رہی ہے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف مہم میں سرکاری رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں میڈیا سیل قائم ہے۔ میڈیا سیل سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈہ چلایا جا رہا ہے اور جعلی دستاویزات بھی تیار کی جا رہی ہیں۔ میری کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے۔ جو کمپنیاں میری ہیں وہ سب ڈکلیئر ہیں اور اپنی ایمانداری اور حلال کی کمائی سے بنایا ہے۔ میں نے ایک ایک پیسہ حلال کی کمائی اور بینکس کے ذریعے باہر بھیجا ہے۔ میری تمام کمپنیوں کا ٹیکس ریکارڈ موجود ہے میں نے 5 سال میں ایک ارب 88 کروڑ روپے ٹیکس ادا کر دیا۔ میرے تمام اثاثے ڈکلیئر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم قوم کو بتائیں کہ لندن میں فلیٹس خریدنے کیلئے پیسے کہاں سے آئے؟ انہوں نے باہر پیسے کس طرح بھیجے؟ یہ انکشاف ہوا ہے کہ جب بچوں کی پراپرٹی لی گئی تو ان کی عمریں کم تھیں۔ میاں صاحب ہی بتائیں آپ کی کمائی حلال کی تھی یا نہیں؟ کیا آپ نے اپنے اثاثے ظاہر کئے؟ نہیں کئے تو ٹیکس بچایا منی لانڈرنگ کی ہے۔ وزیراعظم کے پاس ریکارڈ نہیں تو آپ پبلک آفس نہیں رکھ سکتے اور نا اہل ہو سکتے ہیں۔ میاں صاحب ایک ہفتے کے اندر اپنے ٹیکس ریکارڈ قوم کے سامنے لائیں۔