کراچی(نیوزڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے یونس خان ، عمر اکمل اور احمد شہزاد کے تنازعات کو اللہ کا عذاب قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کرکٹ بورڈ میں مسائل نان کرکٹرز کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں آنے والے تنازعات اللہ کا عذاب ہیں۔ کرکٹ اب شریفوں کا کھیل نہیں رہا بورڈ میں کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل نہیں ہو رہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جن کو کرکٹ کے بارے میں کچھ پتہ ہی نہیں۔ انھوں نے نجم سیٹھی اور شہریار خان کو گھر جانے کا مشورہ بھی دے دیا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے شمار کرکٹرز ہیں جن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے مگر بورڈ کو نہ جانے گورے کوچ میں کیا دلچسپی ہے۔