کابل(نیوزڈیسک) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں اب انھیں پاکستان سے کوئی اْمید نہیں ہے،اگر پاکستان افغانستان سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کرتا تو وہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف آواز اٹھائیں گے،میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کو کابل میں افغان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مصالحتی عمل میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے افغان طالبان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔صدر اشرف غنی نے اپنے خطاب میں طالبان کے ساتھ امن مذاکرات اور پاکستان کے ساتھ تعلقات پر روشنی ڈالی۔افغان صدر نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان افغانستان سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کرتا تو وہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ اْن کی حکومت نے امن مذاکرات کے لیے بہت انتظار کیا لیکن اب وہ اپنی سرزمین کی دفاع کے لیے تمام تر اقدامات اْٹھائیں گے۔اشرف غنی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چار ملکی امن مذاکرات کے مصالحتی عمل کا پانچواں اجلاس رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے والا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ افغان صدر کی جانب سے پاکستان کے بارے میں منفی بیان سامنے آیا ہو۔گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ افغانستان کی پاکستان سے غیر اعلانیہ جنگ جاری ہے جسے ختم کرنا ہو گا۔