لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے یونس خان اور امپائر کے درمیان ہونے والے تنازع کا نوٹس لے لیا ,پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 3 کے تحت یونس خان پر 5 میچز کی پابندی بھی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کپ میں یونس خان اور امپائر کے درمیان ہونے والے تنازع کا نوٹس لیتے ہوئے میچ ریفری سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے , سابق کپتان کے خلاف پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ لیول 3 کے تحت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے جس کے تحت انہیں 5 میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔اس سے قبل یونس خان نے ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے بھی پیش ہونے سے انکار کیا تھا جس پر پی سی بی نے ضابطہ اخلاق کے لیول 2 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔واضح رہے کہ یونس خان نے فیصل آباد میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے میچ میں ناقص امپائرنگ کے خلاف احتجاج کیا تھا , میچ ریفری کی جانب سے جرمانہ عائد کرنے پر یونس خان احتجاجاً میچ اور ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔