اسلام آباد(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے 20ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ایف نائن پارک میں ہونے والے جلسے سے پارک کی خوبصورتی ،پودوں ،جاگنگ ٹریکس اور دیگر املاک کو بری طرح نقصان پہنچا جس پر شہریوں نے سخت ناپسندیدیگی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے 20 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے جلسے میں شریک نوجوانوں نے پارک میں توڑ پھوڑ کی اور جا بجا کھانے پینے کی اشیاء،خالی ڈبے اور پولیتھین بیگز پھینکے جس سے پارک کی خوبصورتی کو نقصان پہنچا۔اسلام آباد کے شہریوں نے اس امر پر نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارک میں جلسے جلوس نہیں ہونے چاہیئں ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پارکس ایسا مقام ہوتے ہیں جہاں وہ شام کے وقت آکر خود کو پر سکون محسوس کرتے ہیں،دن بھر کی تھکن دور ہوتی ہے اور وہ تازہ ہوا لیتے ہیں تاہم ایسے مقامات پر جلسوں کے انعقاد سے جہاں پارکوں کی خوبصورتی کو نقصان پہنچتا ہے وہاں ماحول بھی آلودہ ہوتا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔