اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاناما لیکس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ملاقاتوں کا سلسلہ مسلسل تیز ہوگیا ٗ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور (ق )لیگ کے رہنماء چودھری پرویز الہٰی کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے اور دونوں رہنماؤں نے (آج) پیر کو شام 6 بجے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ملاقات چودھری شجاعت حسین کے گھر اسلام آباد پر ہو گی۔ پی پی پی کے وفد میں سید خورشید شاہ، چودھری اعتزاز احسن، سید غنی، اعجاز جاکھرانی اور نوید قمر شامل ہوں گے۔ ملاقات میں پاناما لیکس کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم رہنماؤں سے بھی (آج) پیر کی شام ساڑھے 7 بجے اسلام آباد میں ملاقات کریگا۔ ایم کیو ایم وفد کی قیادت فاروق ستار ٗ پیپلز پارٹی وفد کی قیادت خورشید شاہ کرینگے۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی ملاقات پارلیمنٹ لاجز میں ہو گی۔