اسلام آباد (نیوزڈیسک) ایف نائن پارک میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے جلسے کے شرکاء کی طرف سے بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آئے ٗ دسمبر 2014میں ڈی چوک پر 126دن طویل دھرنا ختم ہونے کے بعد کارکنوں کو دارالحکومت میں پارٹی کے کسی بڑے اجتماع میں شرکت کا موقع میسر آیا تو انہوں نے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا بچوں اور خواتین کے علاوہ دور دراز سے آنے والے چندبزرگ بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔خواتین اور بچوں نے خاص طورپر اپنے چہرے پارٹی پرچم کے رنگوں سے رنگے ہوئے تھے جبکہ نوجوانوں اور خواتین کے گرو پ جلسے گاہ کے اندر سیلفیاں بناتے رہے خیبر پختون خوا سے آنے والے نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور وہ سخت موسم میں سفر کے باوجود پرجوش دکھائی دے رہے تھے ۔نو جوانوں کے مختلف گرو ہ عمران خان کے حق اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کر تے رہے ۔