لاہور (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر لاہور شہر سے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں جہانگیر خان ترین،عبدالعلیم خان اور چوہدری محمد سرور کی زیر قیادت پارٹی کی کارکنوں کی بہت بڑی ریلی قذافی سٹیڈیم سے شروع ہوئی جس میں پنجاب اسمبلی سے قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ،ایم پی اے میاں محمد اسلم اقبال اور پارٹی رہنما جمشید اقبال چیمہ ،اعجاز چوہدری ،ظہیر عباس کھوکھر ،حافظ فرحت عباس ،مہر واجدعظیم ،میاں افتخار ،سید راشد ریاض بھی موجود تھے ۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد صبح ہی اکھٹا ہونا شروع ہو گئی اور اسلام آباد روانگی سے قبل پی ٹی آئی کے کارکنوں نے زبردست نعرے بازی کی خواتین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی یہ امر قابل ذکر ہے کہ جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کو عمران خان سے مشاورت کیلئے بذریعہ جہاز اسلام آباد روانہ ہو نا پڑا جبکہ لاہور سے ممبر صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی پہلے ہی جلسہ گاہ موجود تھے جو وہاں گذشتہ 3دنوں سے پنڈال کے انتظامی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا 20واں یوم تاسیس منزل نہیں نشان منزل ہے اور انشا ء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے عوام صحیح معنوں میں خوشحال اور جمہوری معاشرے کی تشکیل کریں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکمرانوں کے ہوش اڑ چکے ہیں اور وہ جلدی میں غلطیوں پر غلطیاں کررہے ہیں جس کا ایک اور ثبوت ایسا کمیشن تشکیل دینا ہے جس کا کوئی سر پیر نہیں اور جس کا واحد مقصد شریف فیملی کو اس بھنور سے نکالنا ہے جس میں ان کی کشتی بری طرح پھنس چکی ہے ۔