سیالکوٹ(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت احتساب کے قانون میں ترمیم پر غور کررہی ہے ٗ تحریک انصاف کے جلسے میں شاہراہ دستور کی طرح ناچ گانا ٗ تماشہ اور ڈسکو ہوگا ہوگا۔پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے جلسے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ حکومت احتساب کے قانون میں ترمیم پر غور کررہی ہے ٗ وزیر اعظم نے سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر مطالبہ پورا کردیا ہے تاہم اس کے باوجود تماشہ لگایا جارہا ہے۔ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں آج ناچ گانا، تماشہ اور ڈسکو ہوگا جس طرح 126 دن کے دھرنے میں شاہراہ دستور پر ہوا تھا جس کے بعد یہ لوگ واپس چلے جائیں گے۔جماعت اسلامی کے کرپشن کیخلاف لاہور میں دھرنے کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہ اکہ پرویز مشرف نے 17 ویں ترمیم کے ذریعے جمہوریت پر سب سے کاری وار کیا اور لاہور میں دھرنا دینے والوں نے 17 ویں ترمیم کے موقع پر مشرف کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ جماعت اسلامی کے بانی رہنما مولانا مودودی بہت ہی باکمال شخصیت تھے ، دعا ہی کی جاسکتی ہے کہ اللہ ان کے پیروکاروں کو بھی ان جیسا بنائے۔