سکھر (نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے پانامہ لیکس کے معاملے پر چیف جسٹس کو خط لکھنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خط کے ٹی او آرزاپوزیشن کے ساتھ مل کر طے کرے ،کمیشن کے ٹرم آف ریفرنس پر اپوزیشن سے مشاورت کی جائے ۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نے خود ٹی او آرز بنائے تو ہم نہیں مانیں گے ،اپوزیشن کے ساتھ مل کر ٹی او آرز بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو خط بھجوا دیا گیا اس کا علم نہیں،چیف جسٹس کو لکھے گئے خط سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو کمزور نہ سمجھے، کمزور بھی کبھی طاقتور بن جاتا ہے۔