اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف نے آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا‘خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کا آغاز آئندہ ہفتہ سے خیبر پختونخوا سے کیا جائے گا۔ وزیر اعظم سب سے پہلے مانسہرہ میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور عو امی اجتماع سے خطاب کریں گے جبکہ بعد ازاں دیگر 3 اضلاع میں بھی یہی سلسلہ دہرایا جائیگا۔ وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے بعد سندھ کے مختلف اضلاع کا بھی دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا ہر ہفتے میں ایک سے 2 مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب متوقع ہے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادتوں کو بھی عوامی رابطے تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔