لیہ(نیوزڈیسک)لیہ میں بچے کی پیدائش پر زہریلی مٹھائی کھانے والے مزید 9 افراد نشتر ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے جس سے جاں بحق افراد کی تعداد22 ہو گئی۔لیہ کی تحصیل کہروڑ لعل عیسن میں بچے کی پیدائش پرزہریلی مٹھائی تقسیم کی گئی جس کو کھاتے ہی پہلے روز 10 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ دوسرے روز بھی تین سالہ ارم ، حسیب اور عرفان نشتر ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے تاہم ہفتہ کو مزید 9 افراد جن میں سکندر، بلال، عدنان اور خاتون گل، دو بچے اور پانچ بڑے افراد شامل ہیں ، جان کی بازی ہار گئے ،جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 19 اور 8 نمبر وراڈ میں دومریض تاحال زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے جس سے جاں بحق افراد کی تعداد مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔دوسری جانب مرنے والے افراد کی تدفین کےلئے انتظامات کئے جارہے ہیں اور علاقے میں ابھی سوگ کا عالم ہے اور گھروں میں کہرام مچاہوا ہے ۔پولیس نے دکاندار سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، دکان میں زہریلی ادویات بھی موجود پائی گئی ہے اور ابتدائی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مٹھائی میں سلفو یوریا نامی کیمیکل پایا گیا ہے۔