ممبئی (نیو زڈیسک)انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) گورننگ کونسل نے آئندہ برس شیڈول لیگ کو بیرون ملک منعقد کرنے پر غور شروع کر دیا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جنرل انوراگ ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ رواں لیگ کو درپیش قانونی چیلنجز کی وجہ سے آئی پی ایل کی کورننگ کونسل آئندہ سال ہونے والی لیگ کو ملک سے باہر منعقد کرانے پر غور کر رہی ہے اور اس سلسلے میں آئی پی ایل کی گورننگ باڈی بھارت اور بیرونِ ملک میں کرکٹ کے میدانوں کا جائزہ لے گی۔ آئی پی ایل کو بیرونِ ملک منتقل کرنے پر غور کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کے خزانچی انیردہ چوہدری کی جانب سے چار روز قبل کیے جانے والے ٹویٹ کے بعد سامنے آیا ¾انیردہ چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ آئی پی ایل کو شاید بہت جلد بیرونِ ملک منتقل کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ 2009 اور 2014 میں بھی آئی پی ایل کے دو ایڈیشن ریاستی اسمبلی انتخابات کی وجہ سے بیرونِ ملک کھیلے جا چکے ہیں ¾ 2009 میں آئی پی ایل کے پورے ایڈیشن کو جنوبی افریقہ جبکہ 2014 میں صرف 15 دن کے لیے اسے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا تھا۔