اسلام آباد((نیوزڈیسک)وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے انضمام الحق کو چیف سلیکٹربنانے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ وزیر کا کہنا تھا کہ ایک شخص بار بار رن آؤٹ ہوتا وہ اچھی ٹیم کیسے بناسکتا ہے۔ بس چلتا تو شہریارخان اور نجم سیٹھی کو گھر بھیج دیتے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں ریاض حسین پیرزادہ پی سی بی بورڈ حکام کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگران کے اختیارمیں ہوتا تو نجم سیٹھی اورچیئرمین پی سی بی شہریارخان کو گھربھیج دیتے۔ دونوں کرکٹ بورڈ کو اپنی مرضی سے چلانے کے چکر میں تباہ کردیں گے۔ریاض پیرزادہ نے انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر تعیناتی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص بار بار رن آؤٹ ہوتا ہے وہ اچھی ٹیم کیسے منتخب کرسکتا ہے۔ ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ شعیب محمد کو کرکٹ بورڈ سے دوررکھنا درست نہیں۔