فیصل آباد(نیوزڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نو منتخب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان سے نام اور عزت مل رہی ہے لہٰذا افغانستان کی کوچنگ اور بڑے معاوضے کو چھوڑنے کاکوئی دکھ نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ،انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ چیف سلیکٹر بننا میرے لیے ایک بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے، میرا جینا مرنا پاکستان کیلیے ہے، ہمیشہ پاکستان کی عزت کیلیے میدان میں اترا، بڑے معاوضے کی پروا نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان کیلیے کام کرنے کے دوران پشتو بولنے اور سمجھنے میں شدید پریشانی کا شکار رہا‘چند کھلاڑی تھوڑی بہت اردو سمجھتے تھے مگر اسے چیلنج سمجھ کر کھلاڑیوں کی تربیت کی، کوچنگ میرے لیے بہت اچھا تجربہ تھا،انضمام الحق نے کہاکہ پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اچھا کھیلنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو پرکھنے کا بہترین موقع ہے، کھلاڑی نیا ہو یا پرانا جو پرفارم کرے اسے ہی قومی ٹیم میں رہنے کا حق ہے۔پاکستان کپ کے تمام میچز دیکھ کر میرا سلیکشن پینل مشاورت کے ساتھ اچھے فیصلے کرے گا، بہتر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا حصہ بنائیں گے تاکہ قومی ٹیم ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں اپنا لوہا منوائے اس کے لیے ہر قسم کے اقدامات اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے، اسی میں ملک و قوم کی بھلائی ہے۔